پشاور، ایبٹ آباد (بیورورپورٹ) نیب خیبر پختونخوا نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے کرپٹ مافیا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا، کرپٹ مافیا میں سراسیمگی پھیل گئی، جان بچانے کے لئے سیاسی شخصیات سے رابطے شروع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق گلیات ٹائمز میں خبر کی اشاعت اور عوامی شکایات کے بعد کہ کچھ شہرت یافتہ کرپٹ ریٹائرڈ سرکاری اہلکار حالیہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، نیب خیبرپختونخوا نے نوٹس لیا ہے اور ریٹائرڈ کرپٹ اہکاروں کے خلاف شکایات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ گلیات ٹائمز میں خبر کی اشاعت کے بعد عوام نے بھی بعض کرپٹ افراد کی نشاندہی کی تھی، اور ان کے خلاف نیب حکام کو درخواستیں بھیجی تھیں اور ان کے ناجائز اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم کی تھیں، ان اہلکاروں نے یہ اثاثہ جات اپنے خاندان کے افراد اور رشتہ داروں کے نام پر کروا رکھی تھیں،
اور حکومت کو دھوکہ دینے کے لئے بعض رشتہ داروں کے ساتھ اپنے خاندان کے افراد کے نام پر جعلی کاروباری شراکت داری ظاہر کر رکھی تھی، تاہم اب نیب حکام نے اس جعلی کاروباری شراکت داری کی حقیقت جاننے کے لئے ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی ادائیگی کے ریکارڈ کی چھان بین بھی شروع کر دی ہے۔ نیب کی طرف سے تحقیقات کا آغاز ہونے پر انتخابات میں شریک کرپٹ مافیا میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے اپنی جان بچانے کے لئے ہاتھ پیر مارنے اور سیاسی تحفظ حاصل کرنے کے لئے تگ و دو شروع کر دی ہے۔
گلیات، نیب نے کرپٹ امیدواروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔
