نتھیاگلی ( نمائندہ گلیات ٹائمز) 3جی ٹیکنالوجی کی بدولت گلیات بھرمیں انٹرنیٹ کی تیز رفتارسہولت میسر، گلیات کے صارفین انٹرنیٹ پر دنیا بھر کی معلومات حاصل کرنے کے قابل ہو گئے۔ سماجی و عوامی حلقوں کا 3 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر حکومت پاکستان اور موبائل کمپنیوں کو خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے 3 جی ٹیکنالوجی کے لائسنسوں کے اجراء کے بعد ایک سال کے اندر اندر موبائل کمپنیوں نے ملک کے دیگر علاقوں کی طرح گلیات میں بھی 3 جی ٹیکنالوجی کے ساتھ تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا شروع کر دی ہے جس کے بعد گلیات بھر کے عوام دنیا بھر کے ساتھ تیز ترین مواصلاتی رابطے قائم کرنے اور ہر قسم کی معلومات حاصل کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ گلیات کے عوام 3 جی پر انٹرنیٹ نہ صرف موبائل فون پر استعمال کر سکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ 3 جی سہولت والے آلے (ڈیوائس) کی بدولت لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں، کچھ کمپنیاں یہ آلہ ( ڈیوئس) وائی فائی سہولت کے ساتھ بھی فراہم کر رہی ہیں۔
گلیات کے عوامی و سماجی حلقوں نے 3 جی کی انقلابی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر مسلم لیگ نواز کی حکومت اور اس سہولت کا گلیات میں آغاز کرنے پر موبائل کمپنیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
3جی ٹیکنالوجی کا کمال، گلیات میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر
